مسلمانوں کو امام حسین کی شہادت تو یاد ہے، لیکن یومِ ولادت یاد نہیں: امام حسین کی یومِ ولادت کی یاد تازہ کرنے کے لئے محافظ امن کمیٹی کی انوکھی کوشش
کولکتہ :امام حسین کی شہادت نے اسلام کو ایسی زندگی بخش ہے کہ آج اسلام کے ماننے والے دنیا کے کونے کونے میں پھیلے ہوئے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ لوگ شہادت امام حسین کو تو ہمیشہ یاد کرتے ہیں لیکن انہیں یہ یاد نہیں ہے کہ نواسہ نبی کی ولادت کس تاریخ اور کس مہینے میں ہوئی؟ دنیا کو امام حسین کی یوم ولادت سے آگاہ کرنے اور لوگوں کو ان کی تعلیمات سے متاثر کرنے کے لیے، محافظ امن کمیٹی ہر سال اسلامی مہینےشعبان کی 3 تاریخ کو امام حسین کی یومِ ولادت کے موقع پر کولکتہ کے نوناپوکر ٹرام ڈپو سے ایک ٹرام نکالتی ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی محافظ امن کمیٹی نے یوم ولادت امام حسین کے موقع پر نوناپوکر ٹرام ڈپو سے ٹرام کے سفر کا آغاز کیا۔ ٹرام کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ جس پر امام حسین کے چاہنے والے سوار تھے
۔ ان میں تمام مذاہب کے لوگ شامل تھے۔ اس ٹرام نے نوناپوکور ٹرام ڈپو سے گڑیا ہاٹ اور پھر کالج اسٹریٹ تک کا سفر کیا۔ اس دوران شربت تقسیم کی گئی اور امام حسین کا انسانیت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ اس موقع پر سید مہر عباس رضوی نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ آج زیادہ تر لوگ یوم ولادت امام حسین سے واقف نہیں ہیں۔ اس میں علمائے کرام کا بھی قصور ہے۔ ا
نہوں نے کہا کہ انسانوں کی خدمت کر کے امام حسین نے دنیا کو دکھایا کہ کوئی کیس طرح سے ایک اچھا انسان بن سکتا ہے۔ وہیں محافظ امن کمیٹی کے محمد فیروز نے کہا کہ امام حسین کی شہادت کے بارے میں پوری دنیا جانتی ہے لیکن ان کی زندگی کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ جبکہ شہادت کو جاننے کے لیے ولادت کو جاننا ضروری ہے۔ اسی لیے ہم ہر سال یوم ولادت امام حسینؑ کو مختلف انداز میں مناتے ہیں۔ جس سے لوگ یومِ ولادت اِمام حسین کو بھی یاد رکھیں ۔